فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی (ایف جی ای ایچ اے) نے میڈیا ورکرز سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے اپنی شفاف، ذمہ دار اور ورکر دوست پالیسیوں کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ اتھارٹی نے آج سیکٹر ایف-14 اور ایف-15 میں میڈیا ورکرز کو ان کی سینارٹی کے مطابق رضامندی خطوط (کنسنٹ لیٹرز) جاری کر دیے ہیں۔
ایف بی آر کا اسلام آباد میں جائیدادوں کی نئی ویلیوایشن معطل کرنے کا فیصلہ
یہ اقدام میڈیا ورکرز کے لیے ایک تاریخی اور قابلِ تحسین پیشرفت ہے، جس سے ان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ادارے پر ان کا اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے۔ تمام تین کیٹیگریز (5090x، 4080x اور 3570x) میں یکساں اور منصفانہ بنیادوں پر خطوط جاری کیے گئے ہیں، جو ایف جی ای ایچ اے کی غیرجانبدار اور وعدہ پورا کرنے کی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ایچ اے نے اس موقع پر کہا کہ "میڈیا ورکرز ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ہم نے جو وعدے کیے تھے، انہیں پورا کرنا ہماری اولین ذمہ داری تھی۔ ہم شفافیت، میرٹ اور بروقت فیصلوں پر یقین رکھتے ہیں، اور آئندہ بھی تمام مستحقین کو ان کے حقوق فراہم کرتے رہیں گے۔”
میڈیا ورکرز نے اتھارٹی کی قیادت، خاص طور پر ڈائریکٹر جنرل کے اس فوری اور مثبت اقدام کی تعریف کی ہے، اور امید ظاہر کی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی اسی طرح کے فلاحی اقدامات جاری رہیں گے۔