آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1 ارب 20کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی
آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 1 ارب 20کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی
عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان کے لیے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔
واشنگٹن میں آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا پاکستان سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں پاکستان کے لیے ایک ارب بیس کروڑ ڈالر کی قسط منظور کی گئی۔
آئی ایم ایف کے اعلامیے کے مطابق توسیعی فنڈ سہولت کے تحت دوسرے جائزے کی منظوری دی گئی، جس کے بعد پاکستان کو فوری طور پر ایک ارب ڈالر ملیں گے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ لچک اور استحکام سہولت کے پہلے جائزے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے تحت پاکستان کو دو سو ملین ڈالر حاصل ہوں گے۔
آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان نے معاشی اصلاحات پر مؤثر عمل کیا ہے، سیلاب کے باوجود معاشی استحکام برقرار رہا، مالی خسارے میں کمی آئی اور عوامی مالیات میں بہتری ہوئی ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے کے مطابق مالی سال 2025 میں پاکستان نے ایک اعشاریہ تین فیصد بنیادی سرپلس حاصل کیا جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر چودہ اعشاریہ پانچ ارب ڈالر تک پہنچ گئے، اور مہنگائی میں حالیہ اضافہ عارضی قرار دیا گیا۔
ملک میں آبادی میں فی کس پانی کی دستیابی میں بڑی کمی ، رپورٹ میں پریشان کن انکشاف
آئی ایم ایف نے ٹیکس اصلاحات اور آمدن بڑھانے پر زور دیتے ہوئے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کو ضروری قرار دیا اور سرکاری اداروں کی اصلاحات اور نجکاری پر بھی زور دیا۔
اعلامیے کے مطابق قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے اقدامات کو سراہا گیا اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے فوری اصلاحات پر زور دیا گیا۔
آئی ایم ایف نے سفارش کی کہ سخت مالیاتی پالیسی جاری رکھی جائے اور بدعنوانی کے خاتمے اور بہتر طرز حکمرانی کے لیے اصلاحات کی جائیں۔
ذرائع کے مطابق سات ارب ڈالر کے ای ایف ایف پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر سے زائد رقم ملے گی جبکہ ایک اعشاریہ تین ارب ڈالر کے آر ایس ایف کے تحت دو سو ملین ڈالر سے زائد کی پہلی قسط شامل ہے، دونوں قرض پروگرامز کے تحت جاری ہونے والی مجموعی رقم تین اعشاریہ تین ارب ڈالر ہو جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ای ایف ایف پروگرام کے تحت دو اقساط پہلے ہی مل چکی ہیں اور آئی ایم ایف نے جاری قرض پروگرام پر عملدرآمد کو مزید مضبوط قرار دیا ہے جبکہ حکومت نے معاشی اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔