sui northern 1

ہمارا دفاع ایک ایسی فوج کے ہاتھ میں ہے جس کاسپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر ہے،عطاء تارڑ

0
Social Wallet protection 2

وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ عوامی خدمت میں مصروف رہی ہے اور آج وہ وعدے پورے ہو رہے ہیں جو عوام سے کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پہلے بھی عوام کے درمیان تھی اور آج بھی عوام ہی کی طاقت سے کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق حلقے میں بنیادی سہولتوں کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ملک میں تعمیر و ترقی کا جال بچھایا اور آج ملک کے بڑے منصوبوں پر نواز شریف کے دستخط نمایاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ہمیشہ اپنی جماعت کو ترقی کی سیاست کرنے کا پابند کیا، جب کہ خیبر پختونخوا میں ساڑھے بارہ سال سے حکمران جماعت ایک بھی نمایاں ترقیاتی منصوبہ نہیں دے سکی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کو کھنڈر بنا دیا ہے اور پی ٹی آئی اپنی حکومت میں ایک اسپتال بھی تعمیر نہ کر سکی۔
عطاء اللہ تارڑ نے پنجاب میں بننے والی فرانزک لیب کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا بڑا ثبوت ہے۔ انہوں نے پشاور میں ہونے والے ایک حالیہ جلسے کو عوام کی جانب سے مسترد شدہ قرار دیا۔ انہوں نے ایک سیاسی رہنما پر 190 ملین پاؤنڈ کی مبینہ کرپشن کا الزام لگایا اور کہا کہ اس شخص نے ملک کی معیشت کو نقصان پہنچایا اور فلاحی منصوبوں کے فنڈز تک خوردبرد کیے۔
اپنے خطاب میں انہوں نے پاک فوج کی کارکردگی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ ان کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت دشمن پر خوف طاری کیے ہوئے ہے اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی قیادت میں پاکستانی فضائیہ نے بھارت کے طیارے بھی مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی صلاحیتوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بھارت کے خلاف مؤثر مؤقف اختیار نہیں کیا اور کشمیر و فلسطین کے مسائل کو پس پشت ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں اور یہ اکاؤنٹس بیرون ملک سے آپریٹ ہوتے ہیں۔ انہوں نے 9 مئی کے واقعات کو سنگین جرم قرار دیا اور کہا کہ آئی ایم ایف کو لکھے گئے مبینہ خط نے ملک کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچایا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت تمام ادارے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ملک کا دفاع ایک مضبوط فوج کے ہاتھ میں ہے اور فیلڈ مارشل عاصم منیر وہ قائد ہیں جو ملک کا تحفظ جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کرے گا اور انتشار پھیلانے والوں کو شکست ہوگی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.