کشروٹ یوتھ ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کامیاب یوتھ سمٹ کا انعقاد، اہم شخصیات کی شرکت

0

گلگت: کشروٹ یوتھ ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے گلگت میں ایک شاندار یوتھ سمٹ کا کامیاب انعقاد کیا۔ اس تقریب کا مقصد گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو مستقبل کی سمت دینا، سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا اور انہیں جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ایڈیشنل چیف سیکریٹری گلگت بلتستان مشتاق احمد تھے، جنہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز تقسیم کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
سمٹ میں مولانا عطاء اللہ شہاب، گلگت بلتستان اسمبلی کے رکن جناب جمیل احمد، معاون خصوصی برائے اطلاعات جناب ایمان شاہ، سیکریٹری سوشل ویلفئیر جناب ظفر وقار تاج، سیکریٹری اطلاعات جناب دلدار احمد ملک اور شہید سیف الرحمان ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر افضل سراج بائنری ہب کے سی ای او تحسین عباس، ایڈوکیٹ ظفر اقبال صدر ڈسٹرکٹ بار گلگت، شبیر میر سینئیر صحافی، ساجد علی بیگ سابق صدر انجمن امامیہ گلگت، سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں تعلیمی ماہرین، ڈاکٹرز، خواتین یوتھ اراکین، افراد باہم معذوری کی یوتھ تنظیموں کے نمائندے، سکولوں اور کالجز کے طلباء و طالبات، یوتھ لیڈ انٹرپرینرز اور مختلف سٹارٹ اپس کے بانیان موجود تھے۔ شرکاء کی تفریح و تواضع کے لیے فوڈ سٹالز بھی قائم کیے گئے۔
یوتھ سمٹ کے کلیدی مقاصد:

کشروٹ یوتھ آرگنائزیشن کی گزشتہ سالوں کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے نوجوانوں کو مستقبل کی منصوبہ بندی کا موقع فراہم کرنا۔
جدید دور کے مسائل سے آگاہ کرنا اور ان کے حل کے لیے اجتماعی کاوش کی ترغیب دینا۔
مختلف یوتھ تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر گلگت شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے متحد آواز بنانا۔
نوجوانوں کو تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دستیاب مواقع سے روشناس کرانا۔

کشروٹ یوتھ آرگنائزیشن نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے یوتھ لیڈرز، علماء کرام، سیاسی اور سماجی شخصیات کو اعزازی شیلڈز اور سرٹیفکیٹس سے نوازا۔ ماہرین نے اپنے شعبوں سے متعلق معلوماتی سیشنز منعقد کیے، جن سے شرکاء نے بھرپور استفادہ کیا۔
یوتھ سمٹ نہ صرف نوجوانوں کے لیے ایک یادگار دن ثابت ہوا بلکہ گلگت بلتستان کی ترقیاتی سفر میں ایک اہم سنگِ میل بھی قرار پایا۔
کشروٹ یوتھ ویلفئیر اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے صدر معاذ رحمت نے یوتھ سمٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام رضاکاروں اور عہدیداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی دن رات محنت اور کوشش سے یہ شاندار ایونٹ ممکن ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.