راولپنڈی کے چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے اعلان کیا ہے کہ کچہری چوک کے اطراف سے گزرنے والے تمام راستے اتوار کی رات بند کر دیے جائیں گے، جب کہ ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جائے گا۔ یہ بندش کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے کے باعث کی جا رہی ہے، جو تین فلائی اوورز اور تین انڈر پاسسز پر مشتمل ہے اور اسے دس ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد کورال چوک سے 26 نمبر چونگی تک ٹریفک مکمل طور پر سگنل فری ہو جائے گی۔
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 69 روپے 44 پیسے سستا ہوگیا
فرحان اسلم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ منصوبے کی تعمیر کے دوران پیش آنے والی مشکلات پر صبر اور تعاون کا مظاہرہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ کے دوران اسٹاف کو کم چالان کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ساڑھے چار سو ٹریفک وارڈنز تین شفٹوں میں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی انجام دیں گے۔ آٹھ لفٹرز بھی تعینات کیے گئے ہیں جو ٹریفک میں رکاوٹ بننے والی گاڑیوں یا اشیاء کو ہٹائیں گے۔
سی ٹی او نے بتایا کہ کچہری چوک کے اطراف یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں روزانہ تین ہزار سے زائد طلبا آتے ہیں، اس دوران پانچ مقامات پر بڑے بلاکنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے۔ جناح پارک کے گرین ایریا میں وکلا اور سائلین کے لیے پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ وہاں ایک پانچ منزلہ زیر زمین پارکنگ پلازہ بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچہری چوک شہر کا مرکزی مقام اور داخلے کا اہم پوائنٹ ہے، جو مری روڈ، پشاور روڈ اور جی ٹی روڈ کو آپس میں جوڑتا ہے۔ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر کی سپلائی چین بھی راولپنڈی سے گزرتی ہے، اس لیے ہیوی ٹریفک کو آئی جے پی روڈ کے ذریعے متبادل راستہ فراہم کیا گیا ہے۔