وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک صدر رجب طیب ایردوان اور ترک عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ صدر ایردوان کی جرات مند اور فعال قیادت میں ترکیہ نے نمایاں تبدیلی اور معاشی بحالی حاصل کی ہے جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
کور کمانڈر مبارکباد دینے آئے تھے ، غیر رسمی بات چیت ہوئی ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ترک بھائیوں کی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتا ہے اور ان کے ترقی کے سفر میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات بھائی چارے، ایمان اور تاریخ کے ایسے مضبوط رشتوں میں جڑے ہیں جو وقت اور جغرافیہ کی حدود سے ماورا ہیں۔
مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات اب اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، اور پاکستان ترکیہ کے ساتھ مشترکہ مفادات کے تمام شعبوں میں پائیدار اور وسیع تعاون کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام کا اختتام اس عزم کے ساتھ کیا کہ اسلام آباد اور انقرہ ترقی، امن اور خوشحالی کے سفر میں شانہ بشانہ آگے بڑھتے رہیں گے۔