امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ دنیا بھر میں امن کے خواہاں ہیں اور انہیں جنگیں رکوانا پسند ہے۔ انہوں نے ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں 47 ویں آسیان سربراہی اجلاس کے دوران تھائی لینڈ اور کمبوڈیا میں امن معاہدے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے صرف آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں روک دی ہیں، جو تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔
محمد وسیم کو ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ
ٹرمپ نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن فی الحال اس کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔ انہوں نے پاکستانی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں وزیراعظم اور فیلڈ مارشل پر اعتماد ہے اور پاک افغان مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ ان کا مقصد تجارت کے ذریعے امن قائم کرنا ہے اور جنگیں نہیں چاہتے۔ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کا یہ امن معاہدہ لاکھوں جانیں بچا سکتا ہے۔ رائٹرز کے مطابق، دونوں ممالک کے رہنماؤں نے امریکی صدر کی موجودگی میں جامع جنگ بندی معاہدے پر دستخط کیے، جو جولائی میں ٹرمپ کی مداخلت سے شروع ہونے والی پانچ روزہ سرحدی تنازع کے خاتمے کو مضبوط بناتا ہے۔
اس موقع پر ٹرمپ نے کمبوڈیا کے ساتھ باہمی تجارت اور تھائی لینڈ کے ساتھ اہم معدنیات کے امریکی معاہدوں پر بھی دستخط کیے۔ انہوں نے آسیان اجلاس میں شرکت کے لیے ملائیشیا کا دورہ کیا، جہاں ملائیشین وزیراعظم نے ریڈ کارپٹ پر صدر ٹرمپ کا پرتپاک استقبال کیا۔