جدید پلیٹ فارمز کی شمولیت پاک بحریہ کی ملکی سمندری سرحدوں، بالخصوص کریکس کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کی مظہر, سربراہ پاک بحریہ

امیرالبحر کا کریکس کے اگلے مورچوں کا دورہ, آپریشنل اور جنگی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ

0

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کریکس کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور آپریشنل اور جنگی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر پاک میرینز میں تین جدید ترین 2400 ٹی ڈی ہوورکرافٹ کو باضابطہ طور پر شامل کیا گیا، جو پاک بحریہ کی آپریشنل استعداد میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

نئے شامل کیے گئے ہوورکرافٹ بیک وقت مختلف النوع ماحول میں مؤثر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جن میں کم گہرے پانی والے، ریتیلے اور دلدلی ساحلی علاقے شامل ہیں۔ یہ پلیٹ فارم اُن مقامات پر بھی مؤثر ہیں جہاں روایتی کشتیوں کی آپریشنل استعداد محدود ہوتی ہے۔ زمین اور سمندر پر بیک وقت کارروائی کی یہ منفرد صلاحیت پاک میرینز کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں نمایاں برتری فراہم کرتی ہے اور پاک بحریہ کی مجموعی دفاعی قوت کو مزیدمستحکم بناتی ہے، تاکہ دشمن کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن ردِعمل یقینی بنایا جا سکے۔

سربراہ پاک بحریہ نے افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان جدید پلیٹ فارمز کی شمولیت پاک بحریہ کی جدید خطوط پر استوار ہونے کی کاوشوں اور ملکی سمندری سرحدوں، بالخصوص کریکس کے دفاع کے غیرمتزلزل عزم کی مظہر ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے مزید کہا کہ سمندری مواصلاتی راستوں اور میری ٹائم سیکیورٹی کا تحفظ محض عسکری ضرورت نہیں بلکہ قومی خودمختاری، معاشی خوشحالی اور استحکام کی اساس ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاک بحریہ بحرِ ہند کے خطے میں امن و استحکام کی ضامن اور قابلِ اعتماد قوت ہے۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ ہم اپنی خودمختاری اور سر کریک سے جیوانی تک اپنی سمندری سرحدوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

امیرالبحر نے قوم کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتیں ساحلوں سے سمندر تک ہمارے غیرمتزلزل حوصلے کی طرح مضبوط ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.