لاہور میں پنجاب پولیس کے پائلٹ پراجیکٹ ’’تحفظِ درسگاہ‘‘ سے وابستہ ٹرانسجینڈر طالبعلم عبدالرحمٰن نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون کے امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرلی۔ عبدالرحمٰن نے 70 فیصد نمبر حاصل کرکے اپنی صلاحیتوں اور محنت کو ثابت کیا۔
نئے ایئرپورٹ کی تعمیر کے معاملے پر اہم پیش رفت کس شہر میں؟جانئے
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عثمان انور نے عبدالرحمٰن کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف طالبعلم کے عزم اور لگن کی عکاس ہے بلکہ ’’تحفظِ درسگاہ‘‘ جیسے فلاحی منصوبے کی افادیت کا واضح ثبوت بھی ہے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ’’تحفظِ درسگاہ‘‘ بے گھر اور لاوارث ٹرانسجینڈر بچوں کے لیے ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی علامت ہے، جہاں انہیں رہائش، کھانا، تعلیم اور تربیت فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ معاشرے کے کارآمد شہری بن سکیں۔
عثمان انور نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کا یہ منصوبہ سماجی ہم آہنگی اور مساوات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اور عبدالرحمٰن جیسے طلبہ کی کامیابیاں اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہیں کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو معاشرے کا کوئی بھی طبقہ پیچھے نہیں رہتا۔