سلطان آف جوہر ہاکی کپ: پاکستان اور بھارت کا میچ 3-3 گول سے برابر ہوگیا
سلطان آف جوہر ہاکی کپ: پاکستان اور بھارت کا میچ 3-3 گول سے برابر ہوگیا
ملائیشیا میں جاری سلطان آف جوہر ہاکی کپ میں پاکستان اور بھارت کی جونیئر ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ 3-3 گول سے برابر رہا۔
پاکستان کی جانب سے سفیان خان نے دو جبکہ کپتان حنان شاہد نے ایک گول کیا۔
پاکستان میں ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کی تعداد 96 ملین سے تجاوز
جوہر بارو میں کھیلا گیا میچ تیز رفتاری سے شروع ہوا، اور چوتھے منٹ میں پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جسے حنان شاہد نے گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو برتری دلا دی۔ پہلا کوارٹر پاکستان کے حق میں 0-1 پر ختم ہوا جبکہ دوسرے کوارٹر میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے اپنی برتری میں اضافہ کیا، سفیان خان نے 38ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرتے ہوئے اسکور 0-2 کر دیا۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد بھارت کے ہنڈل ارجیت سنگھ نے پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے خسارہ کم کیا۔ تیسرا کوارٹر پاکستان کی 1-2 کی برتری پر ختم ہوا۔
چوتھے کوارٹر میں بھارتی ٹیم نے کھیل میں واپسی کرتے ہوئے پہلے مقابلہ برابر کیا اور پھر 52ویں منٹ میں منمیت سنگھ نے گول کرکے بھارت کو 2-3 کی برتری دلا دی۔ مگر صرف تین منٹ بعد سفیان خان نے ایک اور شاندار گول کرتے ہوئے اسکور برابر کردیا۔
مقررہ وقت کے اختتام پر میچ 3-3 گول سے برابر رہا۔
پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ کل نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔