وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے بناولنٹ فنڈ کی ادائیگیوں کی پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کیبنٹ سیکرٹریٹ کا اجلاس ملک ابرار احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں حکام نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے بناولنٹ فنڈ کے تحت سرکاری ملازمین کی ادائیگی کی پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق گریڈ 1 سے 10 تک کے سرکاری ملازمین کی ریٹائرمنٹ پر 5 لاکھ روپے، گریڈ 10 سے 16 تک ریٹائرمنٹ پر 10 لاکھ روپے اور گریڈ 16 کے بعد ریٹائرمنٹ پر 15 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔فنڈ کے حکام نے بتایا کہ نئی پالیسی کے مالیاتی اثرات کا جائزہ لینے کے لیے ایک فرم کی خدمات حاصل کی ہیں اور اس فرم کی طرف سے ہمیں ٹائم لائن فراہم کی جائے گی۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں موجود پی پی کے رکن آغا احسن اللہ نے کہا کہ وفاقی حکومت افسران کی ریٹائرمنٹ کے بعد مرنے کا انتظار کر رہی ہے۔ قائمہ کمیٹی نے نئی پالیسی کے مالیاتی مضمرات کا جائزہ لینے کے لیے فنڈ کو 90 دن کا وقت دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم سے سیلاب متاثرین کی ریلیف کے حوالے سے بریفنگ بھی طلب کی گئی جس پر کمیٹی کے ارکان نے سوال کیا کہ پاور ڈویژن سے پوچھا جائے کہ ریلیف کا طریقہ کیا ہو گا۔