بھارت میں پاکستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی مہم کے باعث ایشیا کپ کا میزبان ہونے کے باوجود بھارتی کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار دبئی میں ہونے والے پاک بھارت میچ سے خود کو دور رکھے ہوئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی نے اس حساس ماحول کے پیش نظر کوئی سینئر آفیشل دبئی بھیجنے سے گریز کیا ہے اور اس عمل کو خاموش بائیکاٹ قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیئرمین جے شاہ امریکا میں ایک میٹنگ میں شرکت کو ترجیح دے رہے ہیں، جبکہ بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیوجیت سائیکیا ویمنز ورلڈ کپ کی تیاری کا کہہ کر میچ سے غیر حاضر ہیں، اسی طرح آئی پی ایل چیئرمین ارون دھمال نے بھی اسٹیڈیم میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے بعض عہدیدار بھارت کی جیت کی صورت میں ہی منظر عام پر آئیں گے، جن میں راجیو شکلا کا نام خاص طور پر لیا جا رہا ہے جو کیمرے پر نظر آ سکتے ہیں۔