پاکستان اگلے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کرے گا، وزیراعظم

0

وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اگلے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس کے لیے حکام کو ابھی سے تیاری شروع کرنی ہوگی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے ٹی چوک فلائی اوور کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح کے رہائشیوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مختصر وقت میں کسی بھی منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ ایک کلومیٹر فلائی اوور سے ایکسپریس وے اور دیگر علاقوں تک آمد و رفت آسان ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد سے راولپنڈی کے مسافروں کے لیے ریل کی سہولت بھی مہیا کی جائے گی، اس سے قبل میٹرو اور بس سروس، نئی بسیں اور الیکٹرک ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی جا چکی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریل کی پٹری موجود ہے اور اس منصوبے کے مکمل ہونے سے اسلام آباد اور راولپنڈی کی عوام کے لیے ایک بہترین سہولت فراہم ہوگی۔

وزیر اعظم نے یہ بھی واضح کیا کہ اگلی ایس سی او سمٹ کی میزبانی پاکستان کرے گا اور اسی سلسلے میں انہوں نے تیاریوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

شہباز شریف کے مطابق ہمیں ابھی سے تیاری شروع کرنی ہوگی، رہائش کا انتظام کرنا ہے اور اسلام آباد کو خوبصورت بنانا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.