گیس ٹینکر کا نہایت ہولناک حادثہ

0

میکسیکو سٹی میں گیس ٹینکر کا ایک نہایت ہولناک حادثہ پیش آیا ہے جس میں 3 افرد زندہ جل گئے، جب کہ درجنوں جھلس گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکو سٹی کی جنوب مشرقی ہائی وے پر ایک گیس ٹینکر الٹنے کے بعد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ہولناک واقعہ دارالحکومت کے ضلع اِزتاپالاپا اور قریبی میکسیکو اسٹیٹ کے علاقے چالکو کی سرحد پر پیش آیا، جہاں ٹینکر الٹنے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریبی کئی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویش ناک ہے، حکام نے بتایا کہ گیس ٹینکر اُلٹنے کے بعد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا تھا، جس سے زبردست آگ لگی، اور شعلوں کی لپیٹ میں آکر کئی گاڑیاں راکھ ہو گئیں۔

فائر فائٹرز نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد شعلوں پر قابو پایا، میکسیکو سٹی کی میئر کلارا بروگادا نے اس دھماکے کو ایک ایمرجنسی قرار دیا، جس میں تقریباً 30 گاڑیاں جل گئیں۔ 19 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے، جن میں ٹینکر کا ڈرائیور بھی شامل ہے، زخمیوں میں ایک شیر خوار بچہ اور 2 سالہ بچہ بھی شامل ہیں۔

ڈرون فوٹیج میں دکھایا گیا کہ فائرفائٹرز نے جائے وقوع پر آگ پر قابو پانے کی کوششیں کیں اور جلی ہوئی گاڑیوں کو ٹھنڈا کیا۔

میکسیکو سٹی کی میئر کلارا بروگاڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر تصدیق کی کہ حادثے میں 70 افراد زخمی اور 3 ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی ابتدائی فہرست بھی جاری کی، جسے طبی معائنے کے بعد اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.