یومِ دفاع پر مزارِ قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے

0

کراچی : یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان ایئر فورس اکیڈمی اصغر خان کے 73 کیڈٹس، جن میں 7 خواتین کیڈٹس بھی شامل تھیں، نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

یہ تقریب بانیِ پاکستان کی اصول پسندی، نظم و ضبط اور پاک فضائیہ کے ادب و احترام کی مظہر تھی، جس نے اس عزم کی تجدید کی کہ پاک فضائیہ ایک ناقابلِ تسخیر قوت کے طور پر ملک کی فضائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

ایئر وائس مارشل شہریار خان، ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے مزارِ قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور قائداعظم کے ولولہ انگیز وژن کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اپنے خطاب میں ایئر وائس مارشل شہریار خان نے کہا کہ سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدبرانہ قیادت میں پاک فضائیہ "نیکسٹ جنریشن ایئر فورس” بن چکی ہے، جو ہر چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص سمیت متعدد مثالوں کا حوالہ دیتے ہوئے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جدت اور آپریشنل تیاریوں پر روشنی ڈالی۔

گارڈ کی تبدیلی کی یہ تقریب نہ صرف ایک روایتی فوجی روایت کا تسلسل ہے بلکہ یہ قائداعظم کے نظریات اور ایک خوشحال، محفوظ و مستحکم پاکستان کے خواب کی تعبیر کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کی عملی تصویر بھی ہے۔ یہ موقع پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے جذبے، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت کی میراث کو آگے بڑھانے کا بھی اظہار تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.