سلام آباد : پاکستان میں آن لائن جوا اور سٹے بازی کی غیر قانونی تشہیر کے بڑے اسکینڈل نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جب مشہور ماڈل و اداکارہ متھیرا کا نام بھی اس میں شامل ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ متھیرا، جو اپنی بولڈ گفتگو اور فیشن اسٹائل کے باعث شوبز میں شہرت رکھتی ہیں، سائپرس میں رجسٹرڈ بیٹنگ ایپ "Mostbet” کی برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈکی بھائی کی گرفتاری کے بعد اس اسکینڈل کی مزید تہیں کھلنے لگی ہیں، اور متھیرا سمیت کئی مشہور ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز کی گرفتاری متوقع ہے۔
تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والے درجنوں یوٹیوبرز اور ٹک ٹاکرز، آن لائن جوا ایپس کے لیے تشہیری مہم کا حصہ بنے، جن کے ذریعے ہزاروں نوجوانوں کو جوا کھیلنے پر راغب کیا گیا۔ ہر ماہ اربوں روپے کی رقوم غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل ہو رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان نیٹ ورکس کے روابط بھارت تک جا پہنچے ہیں، جہاں سے نہ صرف مالی جرائم بلکہ شہریوں کے حساس ڈیٹا، جیسے بینک اکاؤنٹس، موبائل نمبرز اور لوکیشن، کے غیر قانونی استعمال کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
مزید برآں، پاکستانی سوشل میڈیا شخصیات کے ان جرائم میں فرنٹ مین کے طور پر کام کرنے نے حکام کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ NCCIA نے عندیہ دیا ہے کہ بہت جلد ان ماڈلز، ٹک ٹاکرز اور یوٹیوبرز کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی جو ان ایپس کی پروموشن میں ملوث رہے ہیں۔
دوسری جانب، عوامی سطح پر شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے ان مشہور شخصیات پر شدید تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ دولت کی لالچ میں نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والوں کو سخت سزا دی جائے۔