خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض پھیل گئے ہیں جہاں محکمہ صحت کے مطابق اب تک ایک لاکھ چون ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاچکا ہے۔ ہیضہ، ڈینگی، ملیریا، سانس اور جلد کی بیماریوں کے کیسز بڑھ رہے ہیں، خاص طور پر بونیر، دیرلوئر، سوات اور دیگر اضلاع میں ہیضہ اور ملیریا کے کئی مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ نزلہ، زکام اور سانس کی بیماریوں کے ساتھ ساتھ سانپ اور کتوں کے کاٹنے کے تیس سے زائد واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں اور موبائل اسپتال متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں اور ویکسینز بھی فراہم کی گئی ہیں۔ نفسیاتی امراض میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کے لیے ماہرین نفسیات کی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔