وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان شمالی علاقہ جات میں حالیہ سیلابی صورتحال کے بعد متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے گلگت پہنچے، جہاں سے وہ چار گھنٹے کا سفر طے کر کے ستک پل پہنچے اور مرمتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں اور پلوں پر جاری بحالی کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے ہدایت دی کہ پہاڑوں سے آنے والے پانی کو سڑکوں کے اوپر سے گزارنے کے بجائے نیچے سے گزرنے کا نظام بنایا جائے تاکہ سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے اور عوام کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ جگلوٹ سکردو روڈ کو دو طرفہ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ کچھ مقامات پر پلوں کی دوبارہ تعمیر جاری ہے۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ 15 اگست کو ہونے والی شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے علاقے میں جانی و مالی نقصان پہنچایا، تاہم این ایچ اے نے فوری ردعمل دیتے ہوئے سڑکوں کی بحالی کا عمل شروع کیا، جس کے نتیجے میں کئی متاثرہ شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے این ایچ اے افسران کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا اور بحالی کے کام کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی سیکریٹری مواصلات اور این ایچ اے کے حکام نے وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گلگت بلتستان کی اہم شاہراہوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، جن کی بحالی کا کام جاری ہے۔ وفاقی وزیر نے مختلف مقامات پر مقامی افراد سے ملاقات کی، ان سے اظہار ہمدردی کیا اور ان کے مسائل سنے۔ عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر متاثرہ عوام کے مسائل کا جلد ازالہ کریں گی۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.