چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں مزید کلاؤڈ برسٹ ہوسکتے ہیں۔
میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں مزید کلاؤڈ برسٹ دیکھنے پڑسکتے ہيں اور کے پی جیسی صورتحال ہوسکتی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے کہاکہ شمالی پنجاب، آزاد جموں کشمیر، گلگت بلتستان میں آئندہ 3 سے 4 ہفتے میں مزید کلاؤڈ برسٹ ہونے کے امکانات ہیں۔
واضح رہےکہ خیبرپختونخوا میں بارشوں، سیلاب، لینڈسلائیڈنگ اور آسمانی بجلی گرنے سے اب تک 328 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔
اس سے چند ہفتوں قبل گلگلت بلتستان میں بھی کلاؤڈ برسٹ ہوا تھا جس کے بعد شدید بارشیں ہوئیں جس کے بعد سیلاب سمیت لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد افراد جاں بحق ہوگئے تھے