عمران خان کے گھر کی نیلامی کی خبریں بے بنیاد ہیں: نیب ذرائع

0

اسلام آباد: نیب ذرائع نے بانی تحریک انصاف عمران خان کے گھر کی نیلامی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کسی جائیداد کی نیلامی نہیں کی جا رہی، اور اس حوالے سے گردش کرنے والی تمام خبریں حقائق کے منافی ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کیس میں پہلے ہی سرنڈر کر چکے ہیں، اور اس کیس میں ان کی کسی جائیداد کی نیلامی کے احکامات موجود نہیں۔

ذرائع نے وضاحت کی کہ نیلامی صرف اشتہاری ملزمان کی جائیدادوں تک محدود ہے، عمران خان کی کوئی جائیداد نہ تو کیس کا حصہ ہے اور نہ ہی نیلامی کی فہرست میں شامل ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ عدالتی احکامات کی روشنی میں تین جائیدادوں کی نیلامی کر رہی ہے، جن میں موضع موہڑہ نور میں واقع 405 کنال اور 248 کنال اراضی شامل ہیں، جن کی نیلامی آج مقرر ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد کے 3 کلب روڈ پر واقع ایک زمین بھی نیلامی کی فہرست میں شامل ہے، جو اشتہاری قرار دیے گئے مفرور ملزمان سے منسوب ہے اور عدالتی حکم پر ضبط کی گئی تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.