سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے ذریعے بانی پی ٹی آئی نے ملک کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تاہم اس کے بعد ان میں دوبارہ ایسی حرکت کی جرات نہیں ہوئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے بتایا کہ یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر بھی پی ٹی آئی نے 9 مئی جیسی سوچ کے تحت احتجاج کی کال دی تھی۔ انہوں نے اپیل کی کہ پی ٹی آئی کے کارکن بھی جشنِ آزادی کی تقریبات میں شریک ہوں، کیونکہ قومی تہوار سیاست سے بالاتر ہوتے ہیں، سیاسی اختلافات اپنی جگہ مگر قومی دن پر تمام قوم کو متحد ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت 14 اگست کے موقع پر بھرپور جوش و خروش کے ساتھ تقریبات کا انعقاد کر رہی ہے۔ 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میوزیکل شو اور آتش بازی کا اہتمام کیا گیا ہے، جسے سندھ کے تمام اضلاع میں بڑی اسکرینز اور لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے براہِ راست دکھایا جائے گا۔
شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ کابینہ کے تمام وزرا آزادی کے جشن میں پرجوش انداز میں شریک ہیں، یہ پاکستان کا دن ہے جس میں کسی سیاسی جماعت کا عمل دخل نہیں۔ کل کے کرکٹ میچ میں بھی اپوزیشن اور حکومتی رہنما ایک ساتھ شریک تھے، اور سکھر میں بھی آج جشنِ آزادی کے موقع پر کنسرٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کل راشد منہاس روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے 14 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اور کوئی بھی نفرت انگیز یا اشتعال انگیز کارروائی قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکے گی۔
شرجیل میمن نے واضح کیا کہ جلاؤ گھیراؤ اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اور ایسے عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
