پولیس ذرائع کے مطابق ایک افسوسناک حادثے میں میاں بیوی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اقبال ٹاؤن سے فیروز پور روڈ پر واقع اپنے گھر کی جانب موٹرسائیکل پر سفر کرتے ہوئے فلائی اوور سے اترتے ہوئے 65 سالہ شیخ افضل کو اچانک دل کا دورہ پڑا۔ دل کا دورہ پڑنے کے بعد ان کی موٹرسائیکل بے قابو ہو کر باؤنڈری وال سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں دونوں میاں بیوی فلائی اوور سے نیچے جاگرے۔
پولیس کے مطابق 60 سالہ بیگم عابدہ نور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کے شوہر شیخ افضل کو اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گئے۔
ادھر لاہور میں دیگر ٹریفک حادثات میں مزید 5 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شاہکام فلائی اوور پر ایک کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے۔
اسی مقام کے قریب، کینال روڈ شاہکام چوک پر ایک اور کار حادثے میں 3 افراد جاں بحق اور 2 افراد شدید زخمی ہوئے۔
شہر میں پیش آنے والے ان اندوہناک حادثات نے شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے، جبکہ پولیس نے تمام واقعات کی تفتیش شروع کر دی ہے۔