پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور پر تنقید کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے ہماری ناک کٹوا دی، اور حسب روایت کارکنوں کو چھوڑ کر خود فرار ہو گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا، "میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ جلسہ نہیں کریں گے۔”
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومتوں کا کام آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) منعقد کرنا نہیں ہوتا، بلکہ وہ پالیسی اسٹیٹمنٹ جاری کرتی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ، "وزیراعلیٰ کا کون سا بیان درست مانا جائے؟”
گورنر نے مزید الزام عائد کیا کہ دہشتگردوں کو لانے والے یہی لوگ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی صوبے کو دوسری ریاست سے براہِ راست بات کرنے کا اختیار نہیں ہوتا، یہ ذمہ داری وفاق کی ہوتی ہے۔