حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ، مشعال ملک نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن آج ہمیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہونا ہوگا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2019 میں کشمیریوں کے لیے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے، قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا، اور آج ہم اسی نظریے پر قائم ہیں۔
مشعال ملک نے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اچھی طرح جانتے ہیں کہ آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے۔ آج وہی مودی اور وہی آر ایس ایس ہے جس نے مہاتما گاندھی کو قتل کیا تھا۔
انہوں نے پہلگام واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کیا۔ بھارت فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لیتا ہے، اور دنیا کے مختلف ممالک میں اس کے دہشتگرد نیٹ ورک بے نقاب ہو رہے ہیں۔
مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مودی حکومت کو ہر آزادی کی بات کرنے والے کو دہشتگرد قرار دینے کا شوق ہے۔ اب تک 50 لاکھ بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل جاری کیا جا چکا ہے، جو کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کی سازش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللہ نے معرکہ حق میں پاکستان کو کامیابی دی، جبکہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔ مشعال ملک نے دعویٰ کیا کہ حالیہ ایران-اسرائیل سیز فائر میں پاکستان کے فیلڈ مارشل نے اہم کردار ادا کیا ہے۔