اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جو گزشتہ رات کے جھٹکوں کے بعد دوبارہ ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
مردان، چکوال، مری اور ہری پور سمیت کئی دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسلام آباد میں شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.1 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر اور مرکز روات سے 15 کلومیٹر جنوب مشرق میں تھا۔ جھٹکے رات 12 بج کر 10 منٹ پر محسوس کیے گئے۔
شانگلہ، تلہ گنگ، کلر کہار، گوجر خان، کالا باغ اور گرد و نواح کے علاقوں میں بھی زلزلے کی شدت واضح طور پر محسوس کی گئی۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت 5 تھی اور اس کا مرکز اسلام آباد کے قریب تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زلزلہ 10 کلومیٹر گہرائی میں آیا تاہم کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ سب سے زیادہ شدت اسلام آباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں محسوس کی گئی۔
جھٹکوں کی اطلاعات جہلم، گوجر خان، اٹک، ہری پور، چکوال، کہوٹہ، مری، لاہور، گوجرانوالہ اور مظفرآباد سے بھی موصول ہوئیں۔ این ڈی ایم اے کے مطابق قریبی علاقوں میں زلزلے کی شدت زیادہ جب کہ دور دراز کے علاقوں میں کم رہی۔
یاد رہے کہ گزشتہ رات بھی اسلام آباد، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی تھی۔ اس زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن، افغانستان تھا اور گہرائی 102 کلومیٹر بتائی گئی تھی۔