اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی ساکھ مٹی میں ملا دی ہے اور وہ اب بین الاقوامی مذاق بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی عالمی سطح پر تنہا ہو چکے ہیں اور ان کی باتوں کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔ خواجہ آصف نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی پاکستان آمد پر کہا کہ وہ وزٹ، اجازت اور شرائط پوری کرکے بلا جھجک آ سکتے ہیں، تاہم حکومت پی ٹی آئی کی جانب سے تشدد کی روک تھام چاہتی ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو خبردار کیا کہ 9 مئی یا 26 نومبر کو احتجاجی کارروائیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خواجہ آصف نے فلسطین کی صورتحال پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقتوں نے فلسطینیوں پر قحط نازل کیا اور برطانیہ کو چاہیے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ کیے گئے مظالم کا ازالہ کرے کیونکہ اسرائیل کی بنیاد برطانیہ نے رکھی تھی۔ انہوں نے عالمی برادری سے فلسطینیوں کی حمایت کا مطالبہ کیا۔
