امریکا سے ٹریڈ ڈیل ایک مضبوط سفارتکاری کا نتیجہ ہے: وزیر مملکت خزانہ

0

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہونے والی تجارتی ڈیل پاکستان کی معیشت کے لیے ایک نہایت خوش آئند پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق اس معاہدے کے تحت امریکا کو پاکستان سے جانے والی برآمدی اشیاء پر عائد ٹیرف میں کمی کی جائے گی، جس کے ملکی برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

 

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال میں پاکستان کی کل برآمدات 32 ارب ڈالر رہیں جن میں سے 6 ارب ڈالر کی برآمدات امریکا کو کی گئیں، جو کہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپورٹ ڈیسٹینیشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ یقیناً پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

 

بلال اظہر کیانی کے مطابق، ٹیرف میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں اضافہ متوقع ہے، جس سے ملکی معیشت کو مزید استحکام ملے گا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس سے خطے میں پاکستان کو مسابقتی فائدہ حاصل ہوگا۔ یہ معاہدہ ہماری کامیاب اور متحرک سفارتکاری کا واضح ثبوت ہے اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

 

وزیر مملکت نے یہ بھی بتایا کہ حالیہ دنوں میں نائب وزیراعظم کی امریکی وزیر خارجہ سے اور اس سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی امریکی صدر سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں، جو اس معاہدے کی تیاری میں اہم پیش رفت ثابت ہوئیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان کی موثر سفارتکاری کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدے کی کامیابی کا باضابطہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.