اسلام آباد میں جاری موسلادھار بارش کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے شہریوں کو احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے ڈرائیونگ کرتے وقت رفتار کم رکھی جائے، گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ برقرار رکھا جائے اور بریکنگ ڈسٹنس بڑھا دی جائے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہیڈلائٹس آن رکھیں، وائپرز چیک کریں اور فرنٹ اسکرین صاف رکھیں تاکہ دھند یا بارش میں آگے کا راستہ واضح نظر آئے۔ موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ اور رین کوٹ پہننا لازمی ہے، جبکہ گاڑیاں سڑکوں پر پارک کرنے سے گریز کریں اور مناسب جگہ پر کھڑی کریں۔ ٹریفک پولیس کے افسران شہر بھر میں موجود ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور شہریوں کی فوری مدد کی جا سکے۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ITP ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، جبکہ ٹریفک کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو فالو کریں۔
