شاہراہ تھک بابوسر پر سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں،کئی گاڑیاں پانی کی نذر, بڑا جانی نقصان ہو گیا

0

گلگت – گلگت بلتستان میں شاہراہ تھک بابوسر پر اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے تباہی مچا دی۔ سیاحوں کی 8 سے زائد گاڑیاں پانی کی نذر ہو گئیں، جب کہ 3 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور 4 سیاحوں کو زخمی حالت میں ریسکیو کر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق، ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ 15 سے زائد سیاح تاحال لاپتہ ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تیز کر دیا گیا ہے۔

سیلاب کے باعث کمیونیکیشن کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، فائبر لائن ٹوٹنے کی وجہ سے گھروں سے رابطہ منقطع ہے اور ہزاروں سیاح علاقے میں پھنس چکے ہیں۔ درجنوں مقامات پر سڑکیں، کھیت کھلیان، اور بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا ہے۔

حکومتی ترجمان کے مطابق، شاہراہ بابوسر کئی مقامات پر بند ہو چکی ہے۔ دریں اثنا، مقامی آبادی کی جانب سے سینکڑوں سیاحوں کو پناہ دی گئی ہے جبکہ حکومت نے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ریسکیو آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے فوری امدادی کارروائیوں کی ہدایت جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کا حکم دیا ہے۔

ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں مشکلات کے باوجود امدادی کارروائیاں جاری ہیں، اور لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ہیلی کاپٹر اور دیگر ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.