بلوچستان میں ایک خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے ہیں۔

ویڈیو میں مقتولین کی شناخت ہو چکی ہے، تاہم واقعہ ایک نامعلوم مقام پر پیش آیا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق مقدمہ ریاست کی مدعیت میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، اور ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔
بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند کے مطابق علاقے میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی ٹیمیں موجود ہیں، جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت کے لیے نادرا اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کی مدد حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قبائلی نظام کے باعث دونوں خاندانوں نے واقعے کی اطلاع نہیں دی، تاہم ریاست نے خود مدعی بن کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ادھر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے صنفی دہشتگردی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مجرم کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، اور یہ واقعہ حکومتِ بلوچستان کے لیے ایک بڑا امتحان ہے۔
