خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کورنگ امیدوار وقاص اورکزئی نے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

وقاص اورکزئی نے سینیٹ الیکشن سے ایک روز قبل وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی موجودگی میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ "جہاں عمران خان کی بات ہو، وہاں میرے لیے باقی سب چیزیں بے معنی ہو جاتی ہیں، تاہم یہ فیصلہ کسی دباؤ کے تحت نہیں کر رہا۔”
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمیں اپنے ورکرز پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ عمران خان کے نظریے کو مقدم جانا۔ وقاص اورکزئی نے ایک بار پھر ذاتی مفاد کے بجائے بانی جماعت کے حکم اور پارٹی کے مفاد کو ترجیح دی، اور ہماری درخواست پر سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہونے پر آمادگی ظاہر کی۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ میں پوری پارٹی کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے لیے عمران خان کا حکم اور پارٹی کا مفاد سب سے اہم ہے، باقی تمام چیزیں ثانوی حیثیت رکھتی ہیں۔
