’ہر وزارت کی کارکردگی ہر دو ماہ بعد جانچی جائے گی‘، وزیراعظم کا ناقص کارکردگی پر تادیبی کارروائی کا عندیہ

0

وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب ہر وزارت کی کارکردگی ہر دو ماہ بعد باقاعدگی سے جانچی جائے گی، جہاں اچھی کارکردگی پر وزارتوں کو شاباش دی جائے گی، وہیں کوتاہی یا غفلت پر تادیبی کارروائی سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ جھوٹا تاثر قائم کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، صرف حقیقی کارکردگی ہی معیار ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ’جو وزارت معیار پر پوری اترے گی وہ ہمارے سروں کا تاج ہوگی، لیکن جو معیار پر پوری نہ اتری اسے احساس دلایا جائے گا۔‘

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں مجالس اور جلوسوں کے پُرامن انعقاد پر وزرائے اعلیٰ، وزیر داخلہ محسن نقوی اور متعلقہ اداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ قومی اتحاد، وحدت اور بھائی چارے کا مظہر ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مربوط اقدامات سے ہی یہ ممکن ہوا۔

وزیراعظم نے حالیہ بارشوں اور ان کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصانات کا بھی ذکر کیا اور بتایا کہ انہوں نے این ڈی ایم اے سے تفصیلی بریفنگ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اب ایک ”جاندار ادارہ“ بن چکا ہے تاہم سوات میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ ہمیں آئندہ کیلئے سبق دے رہا ہے کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مزید بہتر تیاری کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے معیشت سے متعلق خوش آئند پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے حکومت تمام تر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق وفاقی وزیر احسن اقبال کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ ان پر سوالات اٹھ رہے تھے، لیکن انہوں نے ترقیاتی بجٹ کو 10 کھرب روپے سے تجاوز کر کے سب کو حیران کر دیا ہے، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

آخر میں وزیراعظم نے دوٹوک لہجے میں کہا کہ صرف کام اور عوام کی خدمت ہی حکومت کی ترجیح ہے، اور کسی بھی وزارت یا فرد کو غلط بیانی یا کارکردگی کے حوالے سے فریب دہی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.