اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما جاوید لطیف نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی شدید مخالفت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ایسے فیصلے عوامی مشکلات کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہیں۔
جاوید لطیف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر نجی ٹی وی کو دی گئی گفتگو کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ کہا جا رہا ہے کہ ان عہدوں کی تنخواہیں 600 فیصد بڑھا دی گئی ہیں، لیکن وہ ذاتی طور پر اس میں ایک فیصد اضافے کے بھی حق میں نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو شخص اسمبلی تک پہنچتا ہے، وہ پہلے ہی ایسے مالی وسائل رکھتا ہے جو عام شہریوں کے مقابلے میں کافی بہتر ہوتے ہیں۔ جاوید لطیف نے زور دیا کہ ایسے افراد کو معاشی تنگی کی صورتحال میں خود کو عوام کے ساتھ جوڑنا چاہیے، نہ کہ مزید مراعات لینے کی دوڑ میں شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور عوامی مشکلات کے پیش نظر ایسے فیصلے مناسب نہیں، اور قیادت کو مثال بننا ہوگا۔