بھارت کی جانب سےتیسرے فریق کو شامل کرنے کی کوشش بلاک سیاست کو فروغ دینے کی ایک بھونڈی کوشش،فیلڈ مارشل

0

راولپنڈی، – پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کی زیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں کور کمانڈرز کانفرنس منعق ہوئی،

جس میں ملکی و علاقائی سیکیورٹی صورت حال، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

کانفرنس کا آغاز بھارتی پشت پناہی میں ہونے والے دہشت گرد حملوں میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے ہوا۔

فورم نے دہشت گرد پراکسی عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی حالیہ کامیابیوں کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ
"ہمارے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔”

بھارتی حمایت یافتہ پراکسیز کے خلاف سخت موقف
فورم نے زور دیا کہ بھارت کی اسپانسرڈ دہشت گرد تنظیموں کے خلاف ہر سطح پر جامع، فیصلہ کن اور مربوط کارروائیاں جاری رکھنا ناگزیر ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پہلگام واقعے میں بھارت کی ہزیمت کے بعد، وہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف سازشوں کا نیا باب کھولنے کی کوشش کر رہا ہے۔

آرمی چیف کی بین الاقوامی سفارتی سرگرمیوں پر بریفنگ
فورم کو وزیر اعظم پاکستان کے ہمراہ آرمی چیف کے ایران، ترکیہ، آذربائیجان، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے حالیہ دوروں کے حوالے سے پاکستان کے متحرک اور بامقصد سفارتی کردار سے آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو آرمی چیف کے امریکہ کے تاریخی اور منفرد دورے کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں، جہاں اعلیٰ امریکی قیادت سے پاکستان کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر کھل کر بات چیت کی گئی۔

بدلتی عالمی جنگی حکمت عملیاں اور پاک فوج کی تیاری
کانفرنس کے دوران مشرق وسطیٰ اور ایران کی صورت حال، نیز دنیا میں طاقت کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فورم نے کہا کہ یہ رجحان پاکستان کے لیے نہ صرف خود انحصاری کی اہمیت کو دوچند کرتا ہے بلکہ قومی اتحاد اور مضبوط عزم کی بھی ضرورت اجاگر کرتا ہے۔

بھارت کی خطے میں کردار سازی کی کوشش پر تنقید
آرمی چیف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دوطرفہ کشیدگی میں تیسرے فریق کو شامل کرنے کی کوشش بلاک سیاست کو فروغ دینے کی ایک بھونڈی کوشش ہے، جس کا مقصد خود کو خطے کا سیکیورٹی نگران ظاہر کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عالمی برادری اب بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم اور ہندوتوا انتہا پسندی سے خائف ہے۔

ٹرائی سروسز ہم آہنگی اور پاک فوج کی جدت پر اظہارِ اعتماد
فورم کو پاک فوج کی حکمت عملی، جدیدیت، اور بدلتے ہوئے خطرات کے تناظر میں دفاعی تیاریوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی قیادت کو ٹرائی سروسز ہم آہنگی کے فروغ میں کردار پر سراہا۔

اجلاس کے اختتام پر آرمی چیف نے ملک کو درپیش تمام داخلی و خارجی خطرات کے خلاف پاک فوج کی مکمل آپریشنل تیاریوں پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.