حکومتی و دفاعی اداروں پر بھارتی سائبر حملوں کا خدشہ، سکیورٹی ایڈوائزری جاری
اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے بھارتی ہیکرز کی جانب سے ممکنہ سائبر حملوں کے پیش نظر سرکاری اور دفاعی اداروں کے لیے سائبر سیکیورٹی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارتی ہیکرز مبینہ طور پر پہلگام واقعے کو جواز بنا کر پاکستان کے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس تناظر میں کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں تمام سرکاری محکموں کو سائبر تحفظ کے حوالے سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق ہیکرز کی جانب سے ای میلز یا واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے میلویئر سے متاثرہ مشکوک فائلیں بھیجی جا رہی ہیں، جنہیں پہلگام حملے سے منسوب کیا جاتا ہے تاکہ ہدف کو دھوکہ دیا جا سکے۔ یہ وائرس متاثرہ ڈیوائس سے خفیہ طور پر ڈیٹا، تصاویر اور دیگر معلومات حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایڈوائزری میں تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ:
-
کسی نامعلوم یا مشکوک ای میل کو نہ کھولا جائے۔
-
اٹیچمنٹس کو اینٹی وائرس سے اسکین کیے بغیر نہ کھولا جائے۔
-
کسی بھی مشکوک ای میل یا فائل کی فوری اطلاع ادارے کے آئی ٹی ایڈمن کو دی جائے۔
سرکاری اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی ڈیجیٹل سیکیورٹی کو مزید مضبوط بنائیں اور ہیکنگ کی کسی بھی کوشش کے خلاف مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔
