نوجوانوں کو ہنر و مواقع فراہم کرنے کے لیےاو جی ڈی سی ایل کا وزیراعظم یوتھ پروگرام اور نیوٹک کے ساتھ اشتراک
آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL)، وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) نے ایک سہ فریقی مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کیے ہیں، جس کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں ہنر، تربیت و روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ معاہدہ اسلام آباد میں ایک باوقار تقریب کے دوران طے پایا، جس میں او جی ڈی سی ایل کے مینیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او احمد حیات لک، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد، اور نیوٹک کی چیئرپرسن گلمنہ بلال احمد نے دستخط کیے۔
اس اشتراک کا مقصد او جی ڈی سی ایل کے کارپوریٹ سماجی ذمے داری (CSR) پروگرام کے تحت فنی تربیت، روزگار کی فراہمی، کھیل، ماحولیات اور نوجوانوں کی سماجی شرکت کے شعبوں میں مل کر کام کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ایم وائی پی رانا مشہود احمد نے نوجوانوں کے لیے تعلیم، روزگار اور گرین انیشیٹیوز میں حالیہ کامیابیوں کو اُجاگر کیا اور کہا کہ یہ معاہدہ نوجوانوں کی وسیع تر شمولیت کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔ انہوں نے او جی ڈی سی ایل اور نیوٹک کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
او جی ڈی سی ایل کے سربراہ احمد حیات لک نے کہا کہ نوجوانوں کی فنی تربیت اور انہیں بااختیار بنانا کمپنی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے اشتراکات قومی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
چیئرپرسن نیوٹک گلمنہ بلال احمد نے او جی ڈی سی ایل کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ یہ شراکت داری خاص طور پر او جی ڈی سی ایل کے آپریشنل علاقوں میں درمیانے درجے کی مہارتوں کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے نیوٹک کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ورک فورس پر مبنی تربیتی پروگراموں کے ذریعے کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
یہ شراکت پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی امید ہے، جو نہ صرف مہارتوں اور مواقع کے درمیان خلا کو کم کرے گی بلکہ ایک ہنرمند، خود مختار اور جدید پاکستان کی تعمیر میں بھی معاون ثابت ہو گی۔
