لاہور: سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ذہنی طور پر یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ قید کاٹ لیں گے لیکن کسی صورت مفاہمت یا سمجھوتے کی راہ اختیار نہیں کریں گے۔

نجی ٹی وی چینل "سماء نیوز” کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ عمران خان کا موجودہ طرزِ فکر نیلسن منڈیلا سے مشابہ ہے، جو اصولوں پر قائم رہتے ہوئے قید کی صعوبتیں برداشت کرنے کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن جھکتے نہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں حکومت اور تحریک انصاف کے مابین ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے مختلف خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ دو روز قبل کوٹ لکھپت جیل میں قید پی ٹی آئی کے کچھ رہنماؤں کی جانب سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی تھی، جس میں بات چیت شروع کرنے کے امکانات کا اشارہ دیا گیا۔
دوسری جانب، ایک نجی ویب سائٹ ‘وی نیوز’ کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے عندیہ دیا ہے کہ اگر مذاکرات کی راہ ہموار ہو تو وہ خود اڈیالہ جیل جا کر عمران خان سے ملاقات کرنے کو بھی تیار ہیں۔
سیاسی حلقوں میں ان بیانات کو مستقبل کی ممکنہ سیاسی پیش رفت کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
