وفاقی وزیر ہاؤسنگ کا کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کا دورہ، رئیل اسٹیٹ میں شفافیت کے اقدامات کی تعریف

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک)— وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس، میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (CCP) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چیئرمین سی سی پی نے وفاقی وزیر کو کمیشن کے حالیہ انفورسمنٹ اقدامات سے تفصیلاً آگاہ کیا، بالخصوص ہاؤسنگ سیکٹر میں دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ کے خلاف کارروائیوں اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں منصفانہ مسابقت کے فروغ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ زیر التواء مقدمات کی جلدی نمٹانے، عائد کردہ جرمانوں کی وصولی یقینی بنانے اور ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ میں CCP کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
وفاقی وزیر نے کمیشن میں "سینٹر آف ایکسیلنس” کے قیام، بین الادارتی تعاون، تربیتی پروگرامز اور عملے کی استعداد کار بڑھانے جیسے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا اور ہاؤسنگ سیکٹر میں مزید شفافیت اور اصلاحات کے لیے CCP کے کردار کو اہم قرار دیا۔
