Gas Leakage Web ad 1

پی آئی اے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کی خبریں گمراہ کن قرار، نجکاری کمیشن کی تردید

0

نجکاری کمیشن نے 21 جون 2025 کو مختلف میڈیا اداروں میں شائع ہونے والی اُن خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پی آئی اے میں کسی بھی غیر ملکی سرمایہ کار نے 51 سے 100 فیصد شیئر ہولڈنگ میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

کمیشن نے ان رپورٹس کو حقائق کے منافی اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔ وضاحت میں کہا گیا ہے کہ 19 جون 2025 کو باقاعدہ فہرست جاری کی گئی تھی، جس میں ان تمام فریقین کے نام شامل تھے جنہوں نے طے شدہ طریقہ کار کے تحت اظہار دلچسپی (EOI) اور اہلیت کے دستاویزات (SOQ) جمع کروائے تھے۔

فہرست میں ایک ایسا کنسورشیم بھی شامل ہے جس میں دو غیر ملکی کمپنیاں بھی شریک ہیں، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بین الاقوامی سرمایہ کار اس عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔

نجکاری کمیشن کے مطابق، تین فریقین مقررہ وقت تک SOQ جمع نہ کرا سکے اور قواعد کے مطابق نااہل قرار پائے۔ اس عمل میں کسی قسم کی مداخلت یا صوابدید استعمال نہیں کی گئی۔

علاوہ ازیں، پی آئی اے سی ایل کے کچھ ملازمین نے دلچسپی کا اظہار ضرور کیا، تاہم وہ باضابطہ طور پر EOI جمع نہ کرا سکے، جس کے باعث اُن کی درخواستوں پر غور نہیں کیا جا سکا۔

نجکاری کمیشن نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل مکمل شفافیت، مسابقت اور قواعد و ضوابط کے تحت جاری ہے، اور ایسی گمراہ کن خبریں عوام اور سرمایہ کاروں دونوں کو گمراہ کرتی ہیں۔

یہ تردید باقاعدہ طور پر نجکاری کمیشن، وزارت نجکاری، حکومت پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.