لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے 8 مقدمات میں دائر ضمانت کی درخواستوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں مسترد کردیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانتوں سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا۔
لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مئی کے 8 کیسز میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کردیں جبکہ عدالت نے انسداد دہشت گری عدالت لاہور کا بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں مسترد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے 15 جنوری کو جناح ہاؤس حملہ سمیت 8 مقدمات میں ضمانتیں دائر کی تھیں۔
دیگر کیس میں عسکری ٹاور حملہ، تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ، راحت بیکری کے قریب گاڑیاں جلانے، جناح ہاؤس کے باہر گاڑیاں جلانے، زمان پارک جلاؤ گھیراؤ، تھانہ مغلپورہ جلاؤ گھیراؤ، راحت بیکری حملہ کیس اور شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ شامل ہیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان جناح ہاؤس، تھانہ شادمان، عسکری ٹاور کے مقدمات میں نامزد ہیں جبکہ دیگر 5 مقدمات میں انہیں ضمنی بیان میں نامزد کیا گیا تھا۔