پاکستان کا سفارتی سطح پر ایران کی مکمل حمایت کا اعلان

0

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ پاکستان سفارتی سطح پر ایران کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ سکھوں کے مذہبی پیشوا گرو ارجن دیو کے یوم پیدائش پر پاکستان سکھ یاتریوں کو سہولیات پہنچانے کیلئے تیار تھا لیکن ہمارے پاس ویزے کی کوئی درخواست نہیں آئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان میں سکھوں کی مذہبی تقریبات پر کوئی پابندی نہیں ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کے دوران پاکستان کے ایران کو زیادہ سمجھنے سے متعلق دیے گئے بیان پر سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم ایران کو اس لیے بہتر سمجھتے ہیں کیونکہ ایران ہمارا ہمسایہ اور مذہب ایک ہے اور ہم ایران پر ہونے والی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں جبکہ پاکستان سفارتی سطح پر ایران کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایران میں جو حملے کر رہا ہے ہم اسکی مذمت کرتے ہیں، ہم جنگ بندی چاہتے ہیں اور سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے، ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے ہمارے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، اس سے پورے علاقے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی میں امریکا کا کردار بہت مثبت رہا، بھارتی حکومت کے بیانات کے بارے میں کچھ کہنا نہیں چاہتا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.