گلگت (نمائندہ خصوصی) – وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے پاک چین تجارت سے وابستہ مقامی تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ حکومت مقامی تاجروں کے بارڈر پاس سے متعلق جائز تحفظات پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تاجر برادری کے مسائل کا مستقل حل نکالا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ نے وفد کو بتایا کہ سوست ڈرائی پورٹ پر درپیش مسائل بنیادی طور پر کسٹمز اور ایف بی آر سے متعلق ہیں، تاہم حکومت نے ان مسائل کو وفاقی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ "ہم نے ہر فورم پر تاجروں کے حقوق کی بات کی ہے، کیونکہ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے”، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا۔
حاجی گلبر خان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کا سب سے بڑا اور دیرینہ مسئلہ زمینوں کی ملکیت کا تھا، جسے موجودہ حکومت نے لینڈ ریفارمز ایکٹ کے ذریعے حل کر دیا ہے۔ "خالصہ سرکار” کے تصور کو ختم کر کے زمینیں عوام کو واپس دی جا رہی ہیں، اور یہ ایک تاریخی اقدام ہے جسے عوامی نمائندوں نے خود تیار کیا ہے تاکہ عوامی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید کی جا رہی ہے لیکن وہ تنقید سے گھبرانے والے نہیں۔ "ہماری نیت صاف ہے اور ہمارا مقصد صرف اور صرف عوام کی خدمت اور ان کے حقوق کا تحفظ ہے”، وزیر اعلیٰ نے دو ٹوک انداز میں کہا۔
وفد نے وزیر اعلیٰ گلبر خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہر فورم پر تاجر برادری کی نمائندگی کی ہے اور ان کے مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔ وفد نے کہا کہ "آپ نے ہمیشہ پسماندہ طبقے کی آواز بن کر کام کیا ہے، جس پر تاجر برادری آپ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔”
