بیلاروس کی ایئر فورس کے کمانڈر کا ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

 

اسلام آباد، 5 جون 2025: بیلاروس کی ایئر فورس اینڈ ایئر ڈیفنس کے کمانڈر میجر جنرل آندرے یولیانووچ لوکیانووچ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فضائیہ اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ائیر ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں، بیلاروس کے وفد کی پاک فضائیہ کے سربراہ سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ فوجی تعلقات پر روشنی ڈالی گئی۔

سربراہ پاک فضائیہ نے بیلاروس کی فضائیہ کی استعداد کار میں اضافے کے لیے پائلٹس اور مینٹیننس عملے کو بنیادی و تکنیکی تربیت فراہم کرنے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے دونوں افواج کے درمیان تربیت، تکنیکی بہتری اور آپریشنل صلاحیت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی زور دیا۔

میجر جنرل لوکیانووچ نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے آپریشنل تجربے، خصوصاً جنگی حالات میں مہارت کی تعریف کی اور کہا کہ بیلاروس کی فضائیہ ان تجربات سے سیکھنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی جانب سے بیلاروس کے اہلکاروں کے لیے باضابطہ تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر میجر جنرل لوکیانووچ نے سربراہ پاک فضائیہ کو بیلاروس میں ہونے والے اہم دفاعی ایونٹس میں شرکت کی دعوت دی تاکہ دونوں ممالک کے مابین تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ دونوں فریقین نے اسٹریٹجک سطح پر مذاکرات کو آگے بڑھانے اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔

یہ دورہ پاک-بیلاروس دفاعی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو مستقبل میں مزید قریبی تعاون کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.