اسلام آباد: ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ یاسر پیرزادہ نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اسکولوں کے طلباء کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے دروازے کھول دیے گئے ہیں، تاکہ وہ کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

یاسر پیرزادہ نے طلباء کی بڑی تعداد کو تقریب میں دیکھ کر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "آج طلباء کو دیکھ کر مجھے اپنا اسکول کا زمانہ یاد آ گیا۔”
انہوں نے اعلان کیا کہ سرکاری اسکولوں کے طلباء میں پچیس ہزار ٹریک سوٹس مفت تقسیم کیے جائیں گے، جن میں جاگرز اور کھیلنے کے آلات بھی شامل ہوں گے تاکہ بچوں کو مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈی جی اسپورٹس بورڈ نے بتایا کہ ہر طالب علم کو اپنی پسند کے کھیل میں حصہ لینے کی آزادی ہوگی، اور پاکستان اسپورٹس بورڈ باقاعدہ کوچز بھی فراہم کرے گا تاکہ طلباء کی پیشہ ورانہ تربیت ہو سکے۔
یاسر پیرزادہ کے مطابق، موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران خصوصی کھیلوں کی سرگرمیاں شیڈول کی گئی ہیں، جن میں طلباء کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسپورٹس بورڈ میں اب سے ہفتہ وار کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی، تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند طرز زندگی کی طرف راغب کیا جا سکے۔
یاسر پیرزادہ نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "رانا ثناءاللہ نے پہلے دن سے یہ ہدایت دی تھی کہ اسپورٹس بورڈ کی سہولیات عوام کے لیے کھولنی چاہئیں، اور آج ہم اسی وژن پر عمل پیرا ہیں۔”
