پاکستانی قوم کے ہونہار بیٹوں نے یورپ کی سرزمین پر ایک اور تاریخ رقم کر دی۔ پولینڈ میں ہونے والے فرسٹ سپر لیگ کپ کے فائنل میں Siemianowice Śląskie ہاکی کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں مرتضی یعقوب، احتشام اسلم اور عبدالرحمن نے اپنی شاندار کارکردگی سے نہ صرف اپنی ٹیم کو چیمپیئن بنایا بلکہ قوم کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا۔
ٹورنامنٹ میں عبدالرحمن نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کیا، جب کہ احتشام اسلم کو ان کی شاندار کارکردگی پر بیسٹ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ اور سیمی فائنل و فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ مرتضی یعقوب نے اپنی دفاعی مہارت سے میدان مارا اور بیسٹ ڈیفینڈر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
شائقین کی ایک بڑی تعداد اس فائنل میچ کے موقع پر موجود تھی، جو پاکستانی ہیروز کے بینرز اٹھائے اور بلند آواز میں نعرے لگاتے ہوئے اپنی ٹیم کا جوش و خروش سے حوصلہ بڑھا رہے تھے۔ شائقین نے کھلاڑیوں کے کھیل سے خوب لطف اندوزی حاصل کی۔
Siemianowice Śląskie کلب کے کوچ کا کہنا تھا:
"یہ ہمارے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ پاکستانی کھلاڑی ہمارے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے نہ صرف ٹیم کو چیمپئن بنایا بلکہ ہمارے نوجوان اور سینئر کھلاڑی بھی ان کے تجربے سے سیکھ رہے ہیں۔”
ٹیم کے کپتان مرتضی یعقوب نے فتح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
"یہ ہمارے کھلاڑیوں کی محنت اور ہماری اسٹریٹجی کا نتیجہ ہے کہ ہم اس پوری سپر لیگ میں ناقابلِ شکست رہے۔ الحمدللہ، ہم نے کوئی میچ نہیں ہارا۔”
احتشام اسلم نے اعزاز حاصل کرنے پر کہا:
"یہ میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے بیسٹ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار دیا گیا۔ یہ میرے والدین، مداحوں اور دوستوں کی دعاؤں کا ثمر ہے۔ ہم نے اپنی پوری کوشش کی اور اللہ نے کامیابی دی۔”
عبدالرحمن نے اپنے بیان میں کہا:
"ٹورنامنٹ کا ٹاپ اسکورر بننا میرے لیے باعثِ فخر ہے۔ اگرچہ انجری کی وجہ سے چند میچز نہ کھیل سکا، مگر ہم تینوں نے ٹیم کو جتوانے کے لیے دن رات محنت کی اور آج اللہ تعالیٰ نے ہمیں کامیابی سے نوازا۔”