موٹروے پر گاڑیوں کی فٹنس اور ڈرائیونگ لائسنس کے نظام میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ، ریسٹ ایریاز کی بہتری، موٹروے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی دینگے، عبدالعلیم خان

0

وکٹران اب پاکستان میں! Your Partner for Reliable Power 🔋 in Pakistan. 🇵🇰 The Best Energy Saving Solution ⚡

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور موٹروے پولیس میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹریفک کے نظام، گاڑیوں کی فٹنس، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور موٹروے سہولیات میں بہتری کے لیے متعدد فیصلے کیے گئے۔

وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ موٹروے پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے، اور ایک مؤثر کنٹرول روم قائم کیا جائے تاکہ ٹریفک کی نگرانی اور ایمرجنسی رسپانس کو بہتر بنایا جا سکے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء کے لیے بین الاقوامی معیار کے اداروں سے اشتراک ضروری ہے تاکہ نااہل ڈرائیورز کی وجہ سے انسانی جانوں کو خطرے میں نہ ڈالا جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ میرٹ پر پورا نہ اترنے والے افسران کی موٹروے پولیس میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ موٹروے پر رفتار کی حد کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کرنے کا اعلان بھی کیا گیا۔

وفاقی وزیر مواصلات نے قومی شاہراہوں پر ایئر ایمبولنس سروس کے جلد آغاز کے لیے بھی اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسافروں کی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ٹریفک ماڈلز سے استفادہ کیا جائے گا۔ انہوں نے موٹروے پر ٹراما سینٹرز کے قیام کے لیے بھی تجاویز طلب کیں۔

عبدالعلیم خان نے موٹروے پر ریسٹ ایریاز کی بہتری کے لیے حالیہ اقدامات پر بریفنگ لی اور متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون سے تمام اصلاحات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

دوسری جانب نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے وفاقی وزیر مواصلات کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے بابوسر ٹاپ شاہراہ کو معمول سے ایک ماہ قبل ہی ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔ این ایچ اے کے ترجمان کے مطابق عام طور پر یہ راستہ جولائی میں کھلتا ہے، تاہم اس بار مئی میں ہی اسے کھول دیا گیا ہے، جس سے شمالی علاقہ جات خصوصاً گلگت بلتستان کی طرف جانے والوں کو پانچ گھنٹے کی مسافت میں کمی کا فائدہ ہوگا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ بابوسر ٹاپ روڈ سے تمام برفانی رکاوٹیں، گلیشیئرز اور لینڈ سلائیڈ کے ملبے کو صاف کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل کاغان اور ناران شاہراہ بھی جلد بحال کی جا چکی ہے، جس سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو نمایاں سہولت حاصل ہو رہی ہے۔

این ایچ اے حکام کے مطابق عبدالعلیم خان کی خصوصی توجہ شمالی علاقہ جات کی سڑکوں پر مرکوز ہے اور ان کی ہدایات پر عملدرآمد تیزی سے جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.