اک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن بھارت جھوٹے بیانیے کی بنیاد پر آگ سے کھیل رہا ہے، ہم ہمیشہ جنگ کے لیے تیار ہیں، اگر جنگ چاہیے تو جنگ سہی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بی بی سی اردو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر چند سال بعد ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جاتا ہے، بھارت کا یہ بیانیہ پرانا ہو چکا ہے، دنیا بھی اب بھارت کو جان چکی ہے، بھارتی موقف بےبنیاد تھا، پاکستان نے بہت بالغ نظری سے ردعمل دیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج مذہبی لبادے کی آڑ میں دہشتگردی میں ملوث ہیں، فتنہ الخوارج مذہب کے نام پر دہشتگردی اور مساجد کی بے حرمتی میں ملوث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج نہ صرف شریعت بلکہ انسانی قوانین کی بھی مسلسل خلاف ورزی میں ملوث ہیں، یہ فتنہ الخوارج مساجد کو پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ان کا تقدس پامال کرتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج مسجد میں جوتے پہن کرگھومتے ہیں اور اندر سے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ بھی کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز کے محاصرے میں آنے پر مساجد کو ڈھال بنا لیتے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ فتنہ الخوارج یہ جانتے ہیں کہ مساجد کی حرمت کے پیش نظر فورسز جوابی کارروائی نہیں کریں گی، انہوں نے ہمیشہ سے مقدس مقامات اور معصوم لوگوں کو اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لیے شیلڈ کے طور پر استعمال کرتے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی ریاستیں ہیں، فوجی تصادم ایک انتہائی بیوقوفانہ بات ہے، بھارت ایسی صورتحال بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔