
اسلام آباد: چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آپریشن بنیانٌ مرصوص کے دوران زخمی ہونے والے فوجیوں اور شہریوں کی عیادت کی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی بہادری، عزم، اور قومی خدمت کے جذبے کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان جانبازوں نے جس جرأت اور حوصلے سے دشمن کی بزدلانہ جارحیت کا سامنا کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
زخمیوں سے گفتگو میں نیول چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قوم متحد ہیں، اور آئندہ دشمن کی کسی بھی کارروائی کا مؤثر اور سخت جواب دیا جائے گا۔
دورے کے دوران ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی) بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
