راولپنڈی میں "پاور ٹو دی یوتھ” منصوبے پر پریس کانفرنس کا انعقاد، نوجوانوں کی مہارتوں کی تربیت، روزگار کے مواقع اور سماجی شمولیت پر تفصیلی گفتگو

0

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) — سماجی تنظیم "شراکت” اور "حسنا ویلفیئر” کے اشتراک سے راولپنڈی پریس کلب میں "پاور ٹو دی یوتھ” منصوبے کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں نوجوانوں کی مہارتوں کی تربیت، روزگار کے مواقع اور سماجی شمولیت پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مدیحہ رفاق نے بتایا کہ منصوبے سے اب تک 2,500 سے زائد نوجوان مستفید ہو چکے ہیں، جن میں سے 66 فیصد نے یا تو ملازمت حاصل کی یا اپنا کاروبار شروع کیا۔ فیشن ڈیزائننگ، بیوٹیشن اور الیکٹریکل ورک جیسے شعبہ جات میں تربیت فراہم کی گئی ہے۔

حسنا ویلفیئر کے جنرل سیکرٹری خرم شہزاد نے نوجوانوں کی ترقی کے لیے اداروں کے باہمی اشتراک کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مضبوط شراکت داری ہی نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہے۔

پروگرام سے مستفید ہونے والی اندلیب نے بتایا کہ اس منصوبے کی بدولت وہ بیوٹی سروسز کا کاروبار شروع کر چکی ہیں اور دیگر خواتین کو بھی روزگار فراہم کر رہی ہیں، جبکہ طیب عباس نے "کمیونٹی چیمپس” کے پلیٹ فارم سے تعلیمی و ماحولیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔

مقررین نے کہا کہ "پاور ٹو دی یوتھ” منصوبہ نہ صرف ہنر کی تربیت فراہم کرتا ہے بلکہ نوجوانوں کو مالی معاونت، کاروباری رہنمائی اور عملی مواقع بھی مہیا کرتا ہے۔ منصوبے کی خاص بات یہ ہے کہ یہ محروم طبقات جیسے خواتین، معذور افراد، خواجہ سرا اور اقلیتوں پر خصوصی توجہ دیتا ہے۔

تمام شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا ایک پائیدار اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.