بڑا فیصلہ،نئے تعمیراتی منصوبوں کے لیے بارش کا پانی ذخیرہ کرنا لازمی قرار

0

 

پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے، جہاں نئے تعمیراتی منصوبوں کے لیے بارش کا پانی ذخیرہ کرنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کی جانب سے اس ضمن میں باقاعدہ حکمنامہ جاری کر دیا گیا ہے۔

 

نوٹیفکیشن کے مطابق، صوبے میں شروع کیے جانے والے 23 مختلف تعمیراتی اور صنعتی منصوبوں کے لیے ڈیزائن میں رین واٹر ریزرو سسٹم شامل کرنا لازم ہوگا۔ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

 

جن شعبوں پر یہ شرط لاگو ہوگی ان میں پولٹری فارمز، فش فارمز، ریفائنریز، ٹیکسٹائل انڈسٹری، گارمنٹس، کیمیکل اور فارما یونٹس شامل ہیں۔ اسی طرح فوڈ انڈسٹری، فلور ملز، رائس ملز، گھی و آئل ملز، سیمنٹ پلانٹس، شوگر ملز، پیپر ملز اور کھادوں کے یونٹس بھی اس دائرہ کار میں آئیں گے۔

 

اس کے علاوہ پیٹرول پمپس، ہاؤسنگ سوسائٹیز، کمرشل بلڈنگز، ہوٹلز، میرج ہالز، ایئرپورٹس، تعلیمی ادارے، اور بس و ویگن اسٹینڈز کے لیے بھی رین واٹر ذخیرہ کرنے کا سسٹم تعمیر کرنا ضروری ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رین واٹر ریزرو سسٹم کی پلاننگ، ڈیزائننگ اور فعالیت کو باقاعدہ جانچا جائے گا، اور کسی بھی منصوبے کی ماحولیاتی منظوری اسی نظام سے مشروط ہوگی۔

 

محکمہ ماحولیات کے مطابق یہ اقدام ماحولیاتی تبدیلیوں، پانی کی کمی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت اٹھایا گیا ہے تاکہ زیر زمین پانی کے ذخائر محفوظ رہیں اور بارش کے پانی کو موثر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.